Tafsir Tafheem ul Quran (Abul Ala Maududi) آل عمران ۳:۱۶۵
سورت میں پڑھیںاس تفسیر کی سورتیں
آیات
أَوَلَمَّآ أَصَٰبَتۡكُم مُّصِيبَةٞ قَدۡ أَصَبۡتُم مِّثۡلَيۡهَا قُلۡتُمۡ أَنَّىٰ هَٰذَاۖ قُلۡ هُوَ مِنۡ عِندِ أَنفُسِكُمۡۗ إِنَّ ٱللَّهَ عَلَىٰ كُلِّ شَيۡءٖ قَدِيرٞ
آیت ۳:۱۶۵ کھولیں(کیا بات ہے) کہ جب تمہیں ایک ایسی تکلیف پہنچی کہ تم اس جیسی دو چند پہنچا چکے[1] ، تو یہ کہنے لگے کہ یہ کہاں سے آگئی؟ آپ کہہ دیجئے کہ یہ خود تمہاری طرف سے ہے[2]، بے شک اللہ تعالیٰ ہر چیز پر قادر ہے.
Tafsir Tafheem ul Quran (Abul Ala Maududi)
اور یہ تمہارا کیا حال ہے کہ جب تم پر مصیبت آپڑی تو تم کہنے لگے یہ کہاں سے آئی؟[115] حالانکہ﴿جنگ بدر میں﴾اس سے دوگنی مصیبت تمہارے ہاتھوں﴿فریق مخالف پر ﴾پڑ چکی ہے۔[116] اے نبی ؐ! ان سے کہو، یہ مصیبت تمہاری اپنی لائی ہوئی ہے،[117] اللہ ہر چیز پر قادر ہے۔[118]
سورة اٰلِ عِمْرٰن حاشیہ نمبر :115
اکابر صحابہ تو خیر حقیقت شناس تھے اور کسی غلط فہمی میں مبتلا نہ ہو سکتے تھے، مگر عام مسلمان یہ سمجھ رہے تھے کہ جب اللہ کا رسول (صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم) ہمارے درمیان موجود ہے اور اللہ کی تائید و نصرت ہمارے ساتھ ہے تو کسی حال میں کفار ہم پر فتح پا ہی نہیں سکتے۔ اس لیے جب احد میں ان کو شکست ہوئی تو ان کی توقعات کو سخت صدمہ پہنچا اور انہوں نے حیران ہو کر پوچھنا شروع کیا کہ یہ کیا ہوا ؟ ہم اللہ کے دین کی خاطر لڑنے گئے، اس کا وعدہ نصرت ہمارے ساتھ تھا، اس کا رسول خود میدان جنگ میں موجود تھا، اور پھر بھی ہم شکست کھا گئے ؟ اور شکست بھی ان سے جو اللہ کے دین کو مٹانے آئے تھے ؟ یہ آیات اسی حیرانی کو دور کرنے کے لیے ارشاد ہوئی ہیں۔
سورة اٰلِ عِمْرٰن حاشیہ نمبر :116
جنگ احد میں مسلمانوں کے ٧٠ آدمی شہید ہوئے۔ بخلاف اس کے جنگ بدر میں کفار کے ٧٠ آدمی مسلمانوں کے ہاتھوں مارے گئے تھے اور ٧٠ آدمی گرفتار ہو کر آئے تھے۔
سورة اٰلِ عِمْرٰن حاشیہ نمبر :117
یعنی یہ تمہاری اپنی کمزوریوں اور غلطیوں کا نتیجہ ہے۔ تم نے صبر کا دامن ہاتھ سے چھوڑا، بعض کام تقویٰ کے خلاف کیے، حکم کی خلاف ورزی کی، مال کی طمع میں مبتلا ہوئے، آپس میں نزاع و اختلاف کیا، پھر کیوں پوچھتے ہو کہ یہ مصیبت کہاں سے آئی ؟
سورة اٰلِ عِمْرٰن حاشیہ نمبر :118
یعنی اللہ اگر تمہیں فتح دینے کی قدرت رکھتا ہے تو شکست دلوانے کی قدرت بھی رکھتا ہے۔