Tafsir Tafheem ul Quran (Abul Ala Maududi) العنكبوت ۲۹:۴۷
سورت میں پڑھیںاس تفسیر کی سورتیں
آیات
وَكَذَٰلِكَ أَنزَلۡنَآ إِلَيۡكَ ٱلۡكِتَٰبَۚ فَٱلَّذِينَ ءَاتَيۡنَٰهُمُ ٱلۡكِتَٰبَ يُؤۡمِنُونَ بِهِۦۖ وَمِنۡ هَٰٓؤُلَآءِ مَن يُؤۡمِنُ بِهِۦۚ وَمَا يَجۡحَدُ بِـَٔايَٰتِنَآ إِلَّا ٱلۡكَٰفِرُونَ
آیت ۲۹:۴۷ کھولیںاور ہم نے اسی طرح آپ کی طرف اپنی کتاب نازل فرمائی ہے، پس جنہیں ہم نے کتاب دی ہے وه اس پر ایمان ﻻتے ہیں[1] اور ان (مشرکین) میں سے بعض اس پر ایمان رکھتے ہیں[2] اور ہماری آیتوں کا انکار صرف کافر ہی کرتے ہیں.
Tafsir Tafheem ul Quran (Abul Ala Maududi)
(اے نبیؐ) ہم نے اسی طرح تمہاری طرف کتاب نازل کی ہے،[84] اس لیے وہ لوگ جن کو ہم نے پہلے کتاب دی تھی وہ اس پر ایمان لاتے ہیں،[85] اور ان لوگوں میں سے بھی بہت سے اس پر ایمان لا رہے ہیں،[86] اور ہماری آیات کا انکار صرف کافر ہی کرتے ہیں۔[87]
سورة العنکبوت حاشیہ نمبر : 84
اس کے دو مطلب ہوسکتے ہیں۔ ایک یہ کہ جس طرح پہلے انبیاء پر ہم نے کتابیں نازل کی تھیں اسی طرح اب یہ کتاب تم پر نازل کی ہے۔ دوسرا یہ کہ ہم نے اسی تعلیم کے ساتھ یہ کتاب نازل کی ہے کہ ہماری پچھلی کتابوں کا انکار کر کے نہیں بلکہ ان سب کا اقرار کرتے ہوئے اسے مانا جائے۔
سورة العنکبوت حاشیہ نمبر : 85
سیاق وسباق خود بتارہا ہے کہ اس سے مراد تمام اہل کتاب نہیں ہیں بلکہ وہ اہل کتاب ہیں جن کو کتب الہیہ کا صحیح علم و فہم نصیب ہوا تھا، جو |" چارپائے بروکتا بےچند |" کے مصداق محض کتاب بردار قسم کے اہل کتاب نہیں تھے، بلکہ حقیقی معنی میں اہل کتاب تھے۔ ان کے سامنے جب اللہ تعالیٰ کی طرف سے اس کی پچھلی کتابوں کی تصدیق کرتی ہوئی یہ آخری کتاب آئی تو انہوں نے کسی ضد اور ہٹ دھرمی اور تعصب سے کام نہ لیا اور اسے بھی ویسے ہی اخلاص کے ساتھ تسلیم کرلیا کہ جس طرح پچھلی کتابوں کو تسلیم کرتے تھے۔
سورة العنکبوت حاشیہ نمبر : 86
|" ان لوگوں |" کا اشارہ اہل عرب کی طرف ہے۔ مطلب یہ ہے کہ حق پسند لوگ ہر جگہ اس پر ایمان لارہے ہیں خواہ وہ اہل کتاب میں سے ہوں یا غیر اہل کتاب میں سے۔
سورة العنکبوت حاشیہ نمبر : 87
یہاں کافر سے مراد وہ لوگ ہیں جو اپنے تعصبات کو چھوڑ کر حق بات ماننے کے لیے تیار نہیں ہیں، یا وہ جو اپنی خواہشات نفس اور اپنی بےلگام آزادیوں پر پابندیاں قبول کرنے سے جی چراتے ہیں اور اس بنا پر حق کا انکار کرتے ہیں۔