Tafsir Tafheem ul Quran (Abul Ala Maududi) النمل ⁦۲۷:۳۹⁩

آیات

  1. قَالَ عِفۡرِيتٞ مِّنَ ٱلۡجِنِّ أَنَا۠ ءَاتِيكَ بِهِۦ قَبۡلَ أَن تَقُومَ مِن مَّقَامِكَۖ وَإِنِّي عَلَيۡهِ لَقَوِيٌّ أَمِينٞ

    آیت ⁦۲۷:۳۹⁩ کھولیں

    ایک قوی ہیکل جن کہنے لگا آپ اپنی اس مجلس سے[1] اٹھیں اس سے پہلے ہی پہلے میں اسے آپ کے پاس ﻻدیتا[2] ہوں، یقین مانیے کہ میں اس پر قادر ہوں اور ہوں بھی امانت دار.[3]

Tafsir Tafheem ul Quran (Abul Ala Maududi)

جِنوں میں سے ایک قوی ہیکل نے عرض کیا میں اسے حاضر کر دوں گا قبل اس کے کہ آپ اپنی جگہ سے اُٹھیں۔[45] میں اس کی طاقت رکھتا ہوں اور امانتدار ہوں۔“[46]

سورة النمل حاشیہ نمبر : 45

اس سے معلوم ہوسکتا ہے کہ حضرت سلیمان (علیہ السلام) کے پاس جو جن تھے وہ آیا جو مودہ زمانے کے محض عقل پرست مفسرین کی تاویلوں کے مطابق بنی نوع انسان میں سے تھے یا عرف عام کے مطابق اسی پوشیدہ مخلوق میں سے جو جن کے نام سے معروف ہے۔ ظاہر ہے کہ حضرت سلیمان کے دربار کی نشست زیادہ سے زیادہ تین چار گھنٹے کی ہوگی، اور بیت المقدس سے سبا کے پایہ تخت مارب کا فاصلہ پرندے کی اڑان کے لحاظ سے بھی کم از کم ڈیڑھ ہزار میل کا تھا۔ اتنے فاصلہ سے ایک ملکہ کا عظیم الشان تخت اتنی کم مدت میں اٹھا لانا کسی انسان کا کام نہیں ہوسکتا تھا، خوہ وہ عمالقہ میں سے کتنا ہی موٹا تازہ آدمی کیوں نہ ہو، یہ کام تو آج کل کا جٹ طیارہ بھی انجام دینے پر قادر نہیں ہے۔ مسئلہ اتنا ہی نہیں ہے کہ تخت کہیں جنگل میں رکھا ہو اور اسے اٹھا لایا جائے۔ مسئلہ یہ ہے کہ تخت ایک ملکہ کے محل میں تھا جس پر یقینا پہرہ دار متعین ہوں گے اور وہ ملکہ کی غیر موجوگی میں ضرور محفوظ جگہ رکھا گیا ہوگا، انسان جاکر اٹھا لانا چاہتا تو اس کے ساتھ ایک چھاپہ مار دستہ ہونا چاہیے تھا کہ لڑ بھڑا کر اسے پہرہ داروں سے چھین لائے۔ یہ سب کچھ آخر دربار برخاست ہونے سے پہلے کیسے ہوسکتا تھا۔ اس چیز کا تصور اگر کیا جاسکتا ہے تو ایک حقیقی جن ہی کے بارے میں کیا جاسکتا ہے۔

سورة النمل حاشیہ نمبر : 46

یعنی آپ مجھ پر یہ بھروسا کرسکتے ہیں کہ میں اسے خود اڑا نہ لے جاؤں گا، یا اس میں سے کوئی قیمتی چیز نہ چرا لوں گا۔