Tafsir Tafheem ul Quran (Abul Ala Maududi) الحج ۲۲:۶۱
سورت میں پڑھیںاس تفسیر کی سورتیں
آیات
ذَٰلِكَ بِأَنَّ ٱللَّهَ يُولِجُ ٱلَّيۡلَ فِي ٱلنَّهَارِ وَيُولِجُ ٱلنَّهَارَ فِي ٱلَّيۡلِ وَأَنَّ ٱللَّهَ سَمِيعُۢ بَصِيرٞ
آیت ۲۲:۶۱ کھولیںیہ اس لئے کہ اللہ رات کو دن میں داخل کرتا ہے اور دن کو رات میں داخل کرتا ہے[1] ، اور بیشک اللہ سننے واﻻ دیکھنے واﻻ ہے.
Tafsir Tafheem ul Quran (Abul Ala Maududi)
[106]یہ اس لیے کہ رات سے دن اور دن سے رات نکالنے والا اللہ ہی ہے [107] اور وہ سمیع و بصیر ہے۔ [108]
سورة الْحَجّ حاشیہ نمبر :106
اس پیرا گراف کا تعلق اوپر کے پورے پیراگراف سے ہے نہ کہ صرف قریب کے آخری فقرے سے۔ یعنی کفر و ظلم کی روش اختیار کرنے والوں پر عذاب نازل کرنا، مومن و صالح بندوں کو انعام دینا، مظلوم اہل حق کی داد رسی کرنا، اور طاقت سے ظلم کا مقابلہ کرنے والے اہل حق کی نصرت فرمانا، یہ سب کس وجہ سے ہے ؟ اس لیے کہ اللہ کی صفات یہ اور یہ ہیں۔
سورة الْحَجّ حاشیہ نمبر :107
یعنی تمام نظام کائنات پر وہی حاکم ہے اور گردش لیل و نہار اسی کے قبضہ قدرت میں ہے۔ اس ظاہری معنی کے ساتھ اس فقرے میں ایک لطیف اشارہ اس طرف بھی ہے کہ جو خدا رات کی تاریکی میں سے دن کی روشنی نکال لاتا ہے اور چمکتے ہوئے دن پر رات کی ظلمت طاری کردیتا ہے، وہی خدا اس پر بھی قادر ہے کہ آج جن کے اقتدار کا سورج نصف النہار پر ہے ان کے زوال و غروب کا منظر بھی دنیا کو جلدی ہی دکھاوے، اور کفر و جہالت کی جو تاریکی اس وقت حق و صداقت کی فجر کا راستہ روک رہی ہے وہ دیکھتے ہی دیکھتے اس کے حکم سے چھٹ جائے اور وہ دن نکل آئے جس میں راستی اور علم و معرفت کے نور سے دنیا روشن ہوجائے۔
سورة الْحَجّ حاشیہ نمبر :108
یعنی وہ دیکھنے اور سننے والا خد ہے، اندھا بہرا نہیں ہے۔