Tafsir Tafheem ul Quran (Abul Ala Maududi) البقرة ⁦۲:۲۳۸⁩

آیات

  1. حَٰفِظُواْ عَلَى ٱلصَّلَوَٰتِ وَٱلصَّلَوٰةِ ٱلۡوُسۡطَىٰ وَقُومُواْ لِلَّهِ قَٰنِتِينَ

    آیت ⁦۲:۲۳۸⁩ کھولیں

    نمازوں کی حفاﻇت کرو، بالخصوص درمیان والی نماز کی[1] اور اللہ تعالیٰ کے لئے باادب کھڑے رہا کرو۔

Tafsir Tafheem ul Quran (Abul Ala Maududi)

اپنی نمازوں کی نگہداشت[262] رکھو، خصوصاً ایسی نماز کی جو محاسِن صلوٰة کی جامع ہو۔[263] اللہ کے آگے اس طرح کھڑے ہو، جیسے فرماں بردار غلام کھڑے ہوتےہیں

سورة الْبَقَرَة حاشیہ نمبر :262

قوانین تمدن و معاشرت بیان کرنے کے بعد اللہ تعالیٰ اس تقریر کو نماز کی تاکید پر ختم فرماتا ہے، کیونکہ نماز ہی وہ چیز ہے جو انسان کے اندر خدا کا خوف، نیکی و پاکیزگی کے جذبات اور احکام الہٰی کی اطاعت کا مادہ پیدا کرتی ہے اور اسے راستی پر قائم رکھتی ہے۔ یہ چیز نہ ہو تو انسان کبھی الہٰی قوانین کی پابندی پر ثابت قدم نہیں رہ سکتا اور آخر کار اسی نافرمانی کی رو میں بہہ نکلتا ہے جس پر یہودی بہہ نکلے۔

سورة الْبَقَرَة حاشیہ نمبر :263

“ اصل میں لفظ ” صَلوٰۃ الْوُسْطیٰ “ استعمال ہوا ہے۔ اس سے مراد بعض مفسرین نے صبح کی نماز لی ہے، بعض نے ظہر، بعض نے مغرب اور بعض نے عشاء۔ لیکن ان میں سے کوئی قول بھی نبی (صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم) سے منقول نہیں ہے۔ صرف اہل تاویل کا استنباط ہے۔ سب سے زیادہ اقوال نماز عصر کے حق میں ہیں اور کہا جاتا ہے کہ نبی (صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم) نے اسی نماز کو صلوٰۃ وسطیٰ قرار دیا ہے۔ لیکن جس واقعہ سے یہ نتیجہ نکالا جاتا ہے وہ صرف یہ ہے کہ جنگ احزاب کے موقع پر نبی (صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم) کو مشرکین کے حملے نے اس درجہ مشغول رکھا کہ سورج ڈوبنے کو آگیا اور آپ (صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم) نماز عصر نہ پڑھ سکے۔ اس وقت آپ (صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم) نے فرمایا کہ ” خدا ان لوگوں کی قبریں اور ان کے گھر آگ سے بھر دے، انہوں نے ہماری صلوٰۃ وسطیٰ فوت کرا دی۔ “ اس سے یہ سمجھا گیا کہ آپ (صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم) نے نماز عصر کو صلوٰۃ وسطیٰ فرمایا ہے، حالانکہ اس کا یہ مطلب ہمارے نزدیک زیادہ قرین صواب ہے کہ اس مشغولیت نے اعلیٰ درجے کی نماز ہم سے فوت کرادی، ناوقت پڑھنی پڑے گی، جلدی جلدی ادا کرنی ہوگی، خشوع و خضوع اور اطمینان و سکون کے ساتھ نہ پڑھ سکیں گے۔

وسطیٰ کے معنی بیچ والی چیز کے بھی ہیں اور ایسی چیز کے بھی جو اعلیٰ اور اشرف ہو۔ صلوٰۃ وسطیٰ سے مراد بیچ کی نماز بھی ہو سکتی ہے اور ایسی نماز بھی جو صحیح وقت پر پورے خشوع اور توجہ الی اللہ کے ساتھ پڑھی جائے، اور جس میں نماز کی تمام خوبیاں موجود ہوں۔ بعد کا فقرہ کہ ” اللہ کے آگے فرمانبردار بندوں کی طرح کھڑے ہو “ ، خود اس کی تفسیر کر رہا ہے۔