Tafsir Tafheem ul Quran (Abul Ala Maududi) الحجر ⁦۱۵:۶⁩

آیات

  1. وَقَالُواْ يَٰٓأَيُّهَا ٱلَّذِي نُزِّلَ عَلَيۡهِ ٱلذِّكۡرُ إِنَّكَ لَمَجۡنُونٞ

    آیت ⁦۱۵:۶⁩ کھولیں

    انہوں نے کہا کہ اے وه شخص جس پر قرآن اتارا گیا ہے یقیناً تو تو کوئی دیوانہ ہے.

Tafsir Tafheem ul Quran (Abul Ala Maududi)

یہ لوگ کہتے ہیں”اَے وہ شخص جس پر ذکر[3] نازل ہوا ہے،[4] تُو یقیناً دیوانہ ہے

سورة الْحِجْر حاشیہ نمبر :3

” ذکر “ کا لفظ قرآن میں اصطلاحا کلام الہٰی کے لیے استعمال ہوا ہے جو سراسر نصیحت بن کے آتا ہے۔ پہلے جتنی کتابیں انبیاء (علیہم السلام) پر نازل ہوئی تھیں وہ سب بھی ” ذکر “ تھیں اور یہ قرآن بھی ” ذکر “ ہے۔ ذکر کے اصل معنی ہیں ” یاد دلانا “ ” ہوشار کرنا “ اور ” نصیحت کرنا “۔

سورة الْحِجْر حاشیہ نمبر :4

یہ فقرہ وہ لوگ طنز کے طور پر کہتے تھے۔ ان کو تو یہ تسلیم ہی نہیں تھا کہ یہ ذکر نبی (صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم) پر نازل ہوا ہے۔ نہ اسے تسلیم کرلینے کے بعد وہ آپ کو دیوانہ کہہ سکتے تھے۔ دراصل ان کے کہنے کا مطلب یہ تھا کہ ” اے وہ شخص جس کا دعوی یہ ہے کہ مجھ پر یہ ذکر نازل ہوا ہے “۔ یہ اسی طرح کی بات ہے جیسی فرعون نے حضرت موسیٰ (علیہ السلام) کی دعوت سننے کے بعد اپنے درباریوں سے کہی تھی کہ اِنَّ رَسُوْلَکُمُ الَّذِیْٓ اُرْسِلَ اِلَیْکُمْ لَمَجْنُوْنٌ، ” یہ پیغمبر صاحب جو تم لوگوں کی طرف بھیجے گئے ہیں، ان کا دماغ درست نہیں ہے “۔