Tafsir Tafheem ul Quran (Abul Ala Maududi) الحجر ۱۵:۵۱
سورت میں پڑھیںاس تفسیر کی سورتیں
آیات
وَنَبِّئۡهُمۡ عَن ضَيۡفِ إِبۡرَٰهِيمَ
آیت ۱۵:۵۱ کھولیںانہیں ابراہیم کے مہمانوں کا (بھی) حال سنا دو.
Tafsir Tafheem ul Quran (Abul Ala Maududi)
اور انہیں ذرا ابراہیمؑ کے مہمانوں کا قصّہ سُناوٴ۔[30]
سورة الْحِجْر حاشیہ نمبر :30
یہاں حضرت ابراہیم اور ان کے بعد متصلا قوم لوط کا قصہ جس غرض کے لیے سنایا جا رہا ہے اس کو سمجھنے کے لیے اس سورة کی ابتدائی آیات کو نگاہ میں رکھنا ضروری ہے۔ آیات ٧ -٨ میں کفار مکہ کا یہ قول نقل کیا گیا ہے کہ وہ نبی (صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم) سے کہتے تھے کہ ” اگر تم سچے نبی ہو تو ہمارے سامنے فرشتوں کے لے کیوں نہیں آتے ؟ “ اس کا مختصر جواب وہاں صرف اس قدر دے کر چھوڑ دیا گیا تھا کہ ” فرشتوں کو ہم یوں ہی نہیں اتار دیا کرتے، انہیں تو ہم جب بھیجتے ہیں حق کے ساتھ ہی بھیجتے ہیں “۔ اب اس کا مفصل جواب یہاں ان دونوں قصوں کے پیرائے میں دیا جا رہا ہے۔ یہاں انہیں بتایا جا رہا ہے کہ ایک ” حق “ تو وہ ہے جسے لے کر فرشتے ابراہیم کے پاس آئے تھے، اور دوسرا حق وہ ہے جسے لے کر وہ قوم لوط پر پہنچے تھے۔ اب تم خود دیکھ لو کہ تمہارے پاس ان میں سے کونسا حق لے کر فرشتے آسکتے ہیں۔ ابراہیم والے حق کے لائق تو ظاہر ہے کہ تم نہیں ہو۔ اب کیا اس حق کے ساتھ فرشتوں کو بلوانا چاہتے ہو جسے لے کر وہ قوم لوط کے ہاں نازل ہوئے تھے ؟