Tafsir Tafheem ul Quran (Abul Ala Maududi) يونس ⁦۱۰:۳۷⁩

آیات

  1. وَمَا كَانَ هَٰذَا ٱلۡقُرۡءَانُ أَن يُفۡتَرَىٰ مِن دُونِ ٱللَّهِ وَلَٰكِن تَصۡدِيقَ ٱلَّذِي بَيۡنَ يَدَيۡهِ وَتَفۡصِيلَ ٱلۡكِتَٰبِ لَا رَيۡبَ فِيهِ مِن رَّبِّ ٱلۡعَٰلَمِينَ

    آیت ⁦۱۰:۳۷⁩ کھولیں

    اور یہ قرآن ایسا نہیں ہے کہ اللہ (کی وحی) کے بغیر (اپنے ہی سے) گھڑ لیا گیا ہو۔ بلکہ یہ تو (ان کتابوں کی) تصدیق کرنے واﻻ ہے جو اس کے قبل (نازل) ہوچکی ہیں [1] اور کتاب (احکام ضروریہ) کی تفصیل بیان کرنے واﻻ ہے [2]اس میں کوئی بات شک کی نہیں [3]کہ رب العالمین کی طرف سے ہے.[4]

Tafsir Tafheem ul Quran (Abul Ala Maududi)

اور یہ قرآن وہ چیز نہیں ہے جو اللہ وحی و تعلیم کے بغیر تصنیف کر لیا جائے۔ بلکہ یہ تو جو کچھ پہلے آچکا تھا اس کی تصدیق اور الکتاب کی تفصیل ہے۔[45] اِس میں کوئی شک نہیں کہ یہ فرمانروائے کائنات کی طرف سے ہے

سورة یُوْنُس حاشیہ نمبر :45

جو کچھ پہلے آچکا تپا اس کی تصدیق ہے “ ، یعنی ابتدا سے جو اصولی تعلیمات انبیاء (علیہم السلام) کی معرفت انسان کو بھیجی جاتی رہی ہیں یہ قرآن ان سے ہٹ کر کوئی نئی چیز نہیں پیش کر رہا ہے بلکہ انہی کی تصدیق و توثیق کر رہا ہے۔ اگر یہ کسی نئے مذہب کے بانی کی ذہنی اپج کا نتیجہ ہوتا تو اس میں ضرور یہ کوشش پائی جاتی کہ پرانی صداقتوں کے ساتھ کچھ اپنا نرالا رنگ بھی ملا کر اپنی شان امتیاز نمایاں کی جائے۔

” الکتاب کی تفصیل ہے “ ، یعنی ان اصولی تعلیمات کو جو تمام کتب آسمانی کا لبّ لباب (الکتاب) ہیں، اس میں پھیلا کر دلائل و شواہد کے ساتھ، تلقین و تفہیم کے ساتھ، تشریح و توضیح کے ساتھ، اور عملی حالات پر انطباق کے ساتھ بیان کیا گیا ہے۔